پاکستان اور بھارت ایٹمی ہتھیار نکال رہے تھے، میں نے جنگ رکوائی، ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا سعودی عرب کے بزنس فورم میں ایک بار پھر پاک بھارت جنگ رکوانے میں اپنے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ہتھیار نکالنے لگے تھے مگر میں نے مداخلت کر کے جنگ رکوا دی۔

امریکا سعودی بزنس فورم سے خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امن کیلئے تاریخی کام کر رہے ہیں، میں نے 8 جنگیں رکوائیں، میں تنازعات کو حل کرنے میں ماہر ہوں، پاکستان اور بھارت سے کہا آپ جنگ کریں گے تو میں 350 فیصد ٹیرف لگاؤں گا، ٹیرف لگانے کا کہا تو پاکستان بھارت رک گئے۔

ٹرمپ کا پاک بھارت تنازع سے متعلق گفتگو میں کہنا تھا کہ میں نے کہا ایسا نہیں ہو سکتا کہ ایک دوسرے پر ایٹمی حملے کریں، میں نے کہا آپ جنگ کریں گے تو تجارت نہیں ہوگی، نہیں چاہتا کہ ایٹمی دھماکوں کے بادل لاس اینجلس تک پہنچیں،

انہوں نے ہنستے ہوئے بتایا کہ مشیروں نے کہا آپ ایسا نہیں کر سکتے تو میں نے جواب دیا دیکھ لو کر رہا ہوں۔

امریکی صدر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جنگ رکوانے پر کال کر کے میرا شکریہ ادا کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ نے لاکھوں لوگوں کی زندگیاں بچائیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم مودی نے بھی کال کر کے کہا کہ میں تیار ہوں، میں نے کہا کس بات پر تیار ہو تو مودی نے کہا کہ جنگ روکنے پر تیار ہوں، مودی نے کہا کہ میں پاکستان کے ساتھ جنگ نہیں کروں گا۔

مزید خبریں

Back to top button