ماہرہ خان کا صبا قمر سے دشمنی اور مقابلے کی افواہوں پر دوٹوک مؤقف

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے صبا قمر سے دشمنی اور مقابلے کے سوال کا جواب دے دیا۔
اداکارہ ماہرہ خان نے فواد خان کے ساتھ نجی ٹی وی کے مزاحیہ شو میں شرکت کی اس دوران ایک مداح نے سوال کیا کہ میڈیا اور مداحوں کی جانب سے آپ کی اور صبا قمر کی دشمنی اور مقابلے کا سنا ہے کیا اس میں حقیقت ہے؟
جواب میں ماہرہ خان نے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہے مجھ سے یہ سوال بہت بار کیا گیا ہے میں نے جو جواب دیا وہ ایمانداری سے کہوں گی کہ ڈپلومیٹک نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ صبا قمر بہترین اداکارہ ہیں اور مجھے ہمیشہ ایسا لگتا ہے کہ کبھی ہم ساتھ کام کریں گے تو بہت اچھا پروجیکٹ بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے یہاں یہ مسئلہ ہے کہ دو کامیاب خواتین کو دیکھتے ہیں تو ان کو ایک دوسرے سے لڑوانا شروع کردیتے ہیں حالانکہ ایسا کچھ ہوتا نہیں ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ میری صبا قمر سے کوئی رائیورلی نہیں ہے۔
میزبان نے سوال کیا کہ آپ صبا قمر سے ملتی ہیں؟ جواب میں ماہرہ خان نے کہا کہ میری انڈسٹری میں دوستی نہیں ہے، میں کسی سے نہیں ملتی۔
واضح رہے کہ 2019 میں بھی ایسی کئی افواہیں سامنے آئیں تھیں کہ صبا قمر اور ماہرہ خان ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتی، تاہم صبا قمر نے اس تاثر کو مسترد کیا تھا اور اب ماہرہ خان نے بھی اس تاثر کی تردید کر دی ہے۔



