سعودی ولی عہد کی امریکا میں ایک ٹریلین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان، ایف-35 طیاروں کی خرید سمیت بڑا دفاعی معاہدہ طے

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکہ میں سرمایہ کاری کو ایک ٹریلین ڈالر تک بڑھانے کا اعلان کر دیاہے جبکہ امریکی صدر ٹرمپ کا کہناتھا کہ سعودی عرب کے ساتھ سرمایہ کاری کو بڑھائیں گے  ، سعودی عرب کے ساتھ  دفاعی معاہدہ طے پا گیا،سعودی عرب ایف-35 طیارے خریدے گا۔

تفصیلات کے مطابق سعودی  ولی عہد محمد بن سلمان نے وائٹ ہاوس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا میں سرمایہ کاری اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے، صدر ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ میں امن قائم کرنے میں اہم کردار کیا ہے، صدر ٹرمپ عالمی امن کے لیے کام کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ سعودی عرب کے لیے جدید چِپس کی منظوری پر کام کر رہے ہیں، مصنوعی ذہانت کے شعبے میں حقیقی مواقع پیدا کر رہے ہیں، میرا خاندانی کاروبار سے کوئی تعلق نہیں، سعودی عرب کی طرف سے ایک کھرب ڈالر تک بڑھانے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہناتھا کہ  سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو خوش آمدید کہتا ہوں، محمد بن سلمان مستقبل کے بادشاہ ہیں، آپ کے والد  سے میں کہا تھا محمد بن سلمان بہترین آدمی ہیں، میں نے ایک سال 20کھرب ڈالر ملک میں لائے، ہم ملک میں مہنگائی کو کم ترین سطح پر لائے، ہم امریکی تیل کے نئے ذخائر  تلاش کر رہے ہیں۔

اس سے قبل ٹرمپ کا کہناتھا کہ آج ہمارے پاس اوول آفس میں ایک انتہائی قابلِ احترام شخص موجود ہے،  محمد بن سلمان میرا بہت اچھا دوست ہے، محمد بن سلمان  نے جو کچھ کیا وہ انسانی حقوق اور ہر لحاظ سے ناقابلِ یقین ہے، ہم طویل عرصے سے اچھے دوست رہے ہیں، سعودی عرب نے امریکہ میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کی ہے،   یہ رقم بڑھ بھی سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  امریکا میں توانائی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی،  ہمارے بی ٹو بمبار طیاروں نے ایران کی ایٹمی تنصیبات کو تباہ کیا، میں نے آٹھ جنگیں  روکوائیں ، پاکستان اور بھارت کے درمیان بھی جنگ رکوائی۔

سعودی ولی عہد نے کہا کہ ابراہم معاہدے سے پہلے دو ریاستی حل کے راستے کو یقینی بنانا بھی ضروری ہے، ہم ابراہم معاہدے کا حصہ بننا چاہتے ہیں۔

امریکی صدر کا کہناتھا کہ سعودی عرب  کو ایف 35طیارے ملنے پر اسرائیل ضرور خوش ہوگا، سعودی عرب کے ساتھ سویلین نیوکلیئر معاہدہ ہوتے دیکھ سکتا ہوں،  سعودی عرب ہمارا عظیم اتحادی ہے، سعودی ولی عہد نے شام پر پابندیاں ہٹانے کی درخواست کی ہے، ولی عہد سے ابراہم معاہدوں پر اچھی گفتگو ہوئی، سعودی عرب کو اعلیٰ درجے کے ایف-35 طیارے ملنے چاہئیں۔

محمد بن سلمان نے کہا کہ ایران معاہدے پر اپنی پوری کوشش کریں گے، اسرائیل اور فلسطینیوں کے لیے امن چاہتے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہناتھا کہ سعودی عرب کے ساتھ  دفاعی معاہدہ طے پا گیا،سعودی عرب ایف-35 طیارے خریدے گا، ایران  ہمارے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button