آئی سی سی نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر بابر اعظم پر جرمانہ عائد کر دیا

دبئی(جانوڈاٹ پی کے)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستانی اسٹار بلے باز بابر اعظم کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کر دیا۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ میں کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی تھی۔
آئی سی سی کے مطابق بابر اعظم پر لیول ون کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا 10 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ ان کے ڈسپلنری ریکارڈ میں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ بھی شامل کردیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم کے سابق کپتان نے 21 ویں اوور میں آؤٹ ہونے کے بعد بیٹ اسٹمپس کو مارا تھا، انہوں نے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کو تسلیم کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان اور اسٹار بیٹر نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنے کیریئر کی 20 ویں سنچری اسکور کی تھی۔
اس ناقابل شکست اننگ کے ساتھ انہوں نے نہ صرف سعید انور کا 20 سنچریوں کا ملکی ریکارد برابر کیا تھا بلکہ ویوین رچرڈز، جاوید میانداد، جے سوریا سمیت کئی لیجنڈز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
تاہم اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک منفرد ملکی ریکارڈ بھی اپنے نام کیا اور پاکستان کے ون ڈے کے سب سے کامیاب بلے باز انضمام الحق کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اسٹار بلے باز اس اننگ کی بدولت پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں سب سے زیادہ مرتبہ ٹاپ اسکورر رہنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔



