مصری اہرام میں خفیہ راستے کا انکشاف:ماہرین نے مینکور ہرم کی مشرقی دیوار کے نیچے پوشیدہ داخلی راستے کا سراغ لگا لیا

قاہرہ(جانوڈاٹ پی کے)ماہرینِ آثارِ قدیمہ نے مصر کے مشہور اہرام میں سے ایک میں داخلے کا خفیہ راستہ تلاش کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ گیزا میں موجود تین مرکزی اہرام میں سب سے چھوٹے مینکور ہرم کے بارے میں عرصۂ دراز سے یہ خیال کیا جاتا تھا کہ اس میں مزید ایک پوشیدہ راستہ موجود ہے۔
قدیم تاریخ کے مطابق یہ ہرم تقریباً 4550 برس قبل فرعون مینکورے کے لیے تعمیر کیا گیا تھا۔ سائنس دانوں کا طویل عرصے سے ماننا تھا کہ اس ہرم میں کسی دوسرے مقام سے بھی داخلی راستہ موجود ہو سکتا ہے، مگر اس حوالے سے کوئی حتمی ثبوت نہیں تھا۔
عالمی محققین کی ایک ٹیم نے ہائی ٹیک ریڈار اور الٹرا ساؤنڈ ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے ہرم کی مشرقی دیوار کے نیچے دو خالی جگہوں کا سراغ لگایا ہے۔ ان خالی حصوں میں بغایت مہارت سے پالش کیے گئے بڑے پتھر دریافت ہوئے ہیں جن کی اونچائی تقریباً چار میٹر اور چوڑائی چھ میٹر بتائی جارہی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نوعیت کے پتھر اس سے قبل صرف ہرم کے شمالی جانب مرکزی داخلی راستے پر پائے گئے تھے، جس سے ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ خالی جگہیں ممکنہ طور پر ایک اور داخلی راستے کی نشاندہی کرتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت مصری تہذیب اور اہرام کے معماری رازوں کو سمجھنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوسکتی ہے۔



