پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کا شیڈول تبدیل
سری لنکن ٹیم ون ڈے سیریز کے بعد ٹرائی نیشن سیریز بھی کھیلے گی

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاک سری لنکا ون ڈے سیریز جاری رہے گی تاہم شیڈول میں معمولی تبدیلی کی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق راولپنڈی میں شیڈول دوسرا ون ڈے اب 13 کے بجائے 14 نومبر کو ہوگا۔
پی سی بی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 13 نومبر کے ٹکٹ 14 نومبر کے میچ کے لیے قابلِ استعمال ہوں گے۔
راولپنڈی میں ہی شیڈول سیریز کا تیسرا اور آخری میچ اب 15 کے بجائے 16 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
15 نومبر کے ٹکٹ 16 نومبر کو قابل استعمال ہوں گے۔
تاہم وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کو دورہ مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان سری لنکن بورڈ کے مطابق ٹیم دورۂ پاکستان شیڈول کے مطابق جاری رکھے گی، اگر کوئی کھلاڑی یا عملے کا رکن وطن واپس گیا تو اس کے خلاف باقاعدہ کارروائی کی جائے گی، اور متبادل کھلاڑی پاکستان بھیجے جائیں گے۔



