چین میں 758میٹر طویل پُل افتتاح کے چند ماہ بعد ہی زمین بوس ہوگیا

بیجنگ(جانو ڈاٹ پی کے)چین میں 758میٹر طویل پُل افتتاح کے چند ماہ بعد ہی زمین بوس ہوگیا.چین کے جنوب مغربی صوبے سچوان (Sichuan) میں واقع ہونگچی پل(Hongqi Bridge)اچانک منہدم ہوگیا،حالانکہ یہ پل چند ماہ قبل ہی ٹریفک کے لیے کھولا گیا تھا۔مقامی میڈیا کے مطابق پل کے ایک حصے میں اچانک دراڑیں پڑنے کے بعد پوری ساخت زمین بوس ہوگئی۔پل کی لمبائی تقریباً 758 میٹر بتائی گئی ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق پل پر اُس وقت گاڑیاں موجود تھیں، تاہم فوری طور پر ہلاکتوں یا زخمیوں کی درست تعداد سامنے نہیں آسکی۔ریسکیو ٹیمیں اور انجینئرنگ ماہرین موقع پر پہنچ کر ملبہ ہٹانے اور حادثے کی وجوہات جاننے میں مصروف ہیں۔
چینی حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ تعمیراتی معیار یا مٹی کےکٹاؤ(land erosion)اس حادثے کی بڑی وجوہات ہو سکتی ہیں۔یہ واقعہ چین میں انفراسٹرکچر کے معیار پر ایک بار پھر سوالات اٹھا رہا ہے، خصوصاً ایسے وقت میں جب ملک میں بڑی تعداد میں پلوں اور سڑکوں کے منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں۔



