سونے سے بنے منفرد کموڈ کی نیلامی،مالیت تین ارب روپے سے زائد

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے) دنیا بھر میں سونا عموماً زیورات یا سرمایہ کاری کے طور پر استعمال ہوتا ہے، لیکن بعض اوقات اس قیمتی دھات سے بنے ایسے فن پارے سامنے آتے ہیں جو دیکھنے والوں کو حیران کر دیتے ہیں۔ ایسا ہی ایک نایاب فن پارہ، مکمل طور پر سونے سے بنا کموڈ، آئندہ ہفتے نیلام ہونے جا رہا ہے۔
18 قیراط خالص سونے سے تیار کردہ اس کموڈ کا وزن 101.2 کلوگرام (تقریباً ڈھائی من) ہے، جس کی موجودہ عالمی قیمت کے مطابق مالیت تین ارب 41 کروڑ پاکستانی روپے سے زائد بنتی ہے۔
یہ فن پارہ اطالوی فنکار ماوریزیو کیٹیلن (Maurizio Cattelan) کی تخلیق ہے، جو 2016 میں بنایا گیا تھا۔ اسے پہلی بار 2016-17 میں نیویارک کے گوگن ہائیم میوزیم میں عوام کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں اس نے بین الاقوامی توجہ حاصل کی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق، اس طلائی کموڈ کی نیلامی 18 نومبر کی شب سوتھبیز (Sotheby’s) میں ہوگی۔ نیلامی کی ابتدائی بولی اس دن کے عالمی نرخ کے مطابق سونے کے وزن سے شروع کی جائے گی، تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ فن پارے کی شہرت کے پیش نظر اس کی قیمت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
سوتھبیز کے نائب چیئرمین ڈیوڈ گالپرن کے مطابق، “یہ فن پارہ 101.2 کلوگرام 18 قیراط سونے پر مشتمل ہے اور اس کی ابتدائی قیمت تقریباً 10 ملین امریکی ڈالر لگائی گئی ہے۔”
واضح رہے کہ ماوریزیو کیٹیلن اپنے منفرد اور طنزیہ فن پاروں کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ ان کا مشہور فن پارہ “Comedian” ایک دیوار پر ٹیپ سے چپکایا ہوا کیلا 2024 میں تقریباً 62 لاکھ ڈالر میں فروخت ہوا تھا۔
نیلامی سے قبل اس سونے کے کموڈ کو نیویارک میں عوامی نمائش کے لیے بھی پیش کیا گیا، جہاں لوگوں کی بڑی تعداد نے اسے دیکھنے کے لیے میوزیم کا رخ کیا۔



