بین الاقوامی عدالت نے یوگنڈا کے باغی رہنما پر جنگی جرائم کی فردجرم عائد کر دی

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے یوگنڈا کے باغی رہنما جوزف کونی پر جنگی جرائم کی فردجرم عائد کر دی۔
انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نے جوزف کونی کے خلاف 39 الزامات کی تصدیق کر دی جس کے بعد گرفتاری کی صورت میں ٹرائل کی راہ ہموار ہو گئی۔
عدالت کا کہنا ہے کہ جوزف کونی کے جرائم میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجود ہیں ان پر قتل، جنسی غلامی اور ریپ سمیت سنگین الزامات عائد ہیں۔
پراسیکیوٹر نے کہا کہ جوزف نے جرائم 2002 سے 2005 کے درمیان شمالی یوگنڈا میں کیے ہیں۔
یہ پہلا موقع ہےکہ آئی سی سی نے کسی ملزم کی غیرموجودگی میں فردجرم عائد کی ہے۔ غیرموجودگی میں الزامات کی تصدیق کے بعد گرفتاری پر ٹرائل شروع ہو سکے گا۔ آئی سی سی قوانین کے مطابق ملزم کی موجودگی کے بغیر مکمل ٹرائل ممکن نہیں۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یوگنڈا تنازع میں ایک لاکھ افراد کو قتل اور 25لاکھ سے زائد کو بےگھر کیا گیا۔



