ٹرمپ کو جواب، پیوٹن نے بھی ایٹمی تجربات کی تیاری کا حکم دیدیا

ماسکو(جانوڈاٹ پی کے)ٹرمپ کے بعد روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی ایٹمی تجربات کی تیاری کا حکم دے دیا۔صدر ولادیمیر پیوٹن نے اعلیٰ فوجی اور سول حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کے ممکنہ تجربات کیلئے فوری تجاویز تیار کی جائیں۔
روسی صدر نے کہا کہ روس نے ہمیشہ جوہری تجربات پر پابندی کے معاہدے کی پاسداری کی ہے اگر امریکا یا کوئی اور ایٹمی طاقت تجربہ کرتا ہے تو روس بھی پیچھے نہیں رہےگا۔
صدر ولادیمیر پیوٹن نے وزارت خارجہ، دفاع اور خفیہ اداروں کو حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سرگرمیوں کی تفصیلات جمع کر کے قومی سلامتی کونسل کو رپورٹ دیں، ایٹمی تیاریوں پر مشترکہ تجاویز دی جائیں۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے انکشاف کیا ہے کہ روس نے ایک اور ایٹمی صلاحیت رکھنے والے میزائل اوریشنِک (Oreshnik) کی سلسلہ وار تیاری شروع کر دی ہے۔
پیوٹن نے اس موقع پر کہا کہ روس نے جوہری طاقت سے چلنے والے نئے کروز میزائلوں کی تیاری شروع کر دی ہے، جن کی رفتار آواز کی رفتار سے 3 گنا زیادہ ہوگی اور مستقبل میں یہ ہائپرسونک بھی ہو جائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ مذکورہ دونوں ایٹمی توانائی سے چلنے والے اور ایٹمی صلاحیت کے حامل ہتھیار روس کے لیے اور پورے اکیسویں صدی کے لیے تاریخی اہمیت رکھتے ہیں، پرواز کی حد کے لحاظ سے، بیوریویستنک نے دنیا کے تمام معروف میزائل نظاموں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ روسی صدر نے روس کی دفاعی ٹیکنالوجی کی پیش رفت کو ’’قابلِ فخر کامیابی‘‘ قرار دیا۔



