ٹرمپ کا جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا حکم، امریکا کا بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے)امریکا نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے کے حکم کے بعد بین البراعظمی بیلسٹک میزائل (Minuteman III) کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکا نے بدھ کی صبح بین البراعظمی بیلسٹک میزائل ‘منٹ مین تھری’ کا کامیاب تجربہ کیا۔
امریکی ائیر فورس گلوبل اسٹرائیک کمانڈ کے مطابق یہ میزائل کیلیفورنیا کے وینڈن برگ اسپیس فورس بیس سے فائر کیا گیا اور تجربہ مکمل طور پر کامیاب رہا۔
امریکی حکام کے مطابق منٹ مین تھری نے تقریباً 4،200 میل کا فاصلہ طے کیا اور مارشل جزائر میں واقع رونالڈ ریگن بیلسٹک میزائل ڈیفنس ٹیسٹ سائٹ پر کامیابی سے نشانے پر پہنچا۔
یہ تجربہ، جسے 54 (GT 254) کا نام دیا گیا ہے، امریکا کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل نظام کی تیاری اور درستگی کو جانچنے کے لیے کیے جانے والے معمول کے سلسلے کا حصہ تھا۔
یہ میزائل غیر مسلح تھا اور اس میں ٹیسٹ ری انٹری وہیکل نصب تھا تاکہ پرواز کے دوران مختلف ڈیٹا اکٹھا کیا جا سکے۔
امریکی میڈیا کے مطابق منٹ مین تھری میزائل امریکا کے جوہری دفاعی نظام کا ایک اہم حصہ ہے، جو صرف اس صورت میں استعمال ہوگا جب امریکا پر کسی دشمن ملک کی جانب سے جوہری حملہ کیا جائے۔
اگرچہ یہ تجربہ کئی ماہ پہلے سے طے شدہ تھا، لیکن اس نے دنیا بھر میں توجہ حاصل کر لی ہے کیونکہ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے فوج کو حکم دیا تھا کہ امریکا کو تین دہائیوں بعد جوہری تجربات دوبارہ شروع کرنے چاہییں۔
یاد رہے کہ صدر ٹرمپ نے امریکی فوج کو فوری طور پر جوہری ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا حکم دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے محکمہ جنگ کو ایٹمی ہتھیاروں کی ٹیسٹنگ کا حکم دے دیا ہے اور یہ عمل فوری طور پر شروع کیا جائے گا۔



