جنوبی افریقا کو دھچکا، ڈیوالڈ بریوس انجری کے باعث پاکستان کیخلاف ون ڈے سیریز سے باہر

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بیٹر ڈیوالڈ بریوس انجری کے باعث پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے۔
منگل کو جنوبی افریقی ٹیم کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب مڈل آرڈر بیٹر ڈیوالڈ بریوس کندھے کی انجری کے باعث پاکستان کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز سے باہر ہوئے۔
22 سالہ بریوس کو گزشتہ ہفتے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹوئنٹی کے دوران کندھے میں چوٹ لگی تھی۔
بعد ازاں اسکین سے پتہ چلا کہ ان کے کندھے میں کھنچاؤ ہے، جس کے باعث وہ ون ڈے سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
کرکٹ جنوبی افریقا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کندھے کی معمولی چوٹ کے باعث ڈیوالڈ بریوس پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ بریوس کے متبادل کھلاڑی کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بریوس کو ‘بے بی اے بی’ کے لقب سے جانا جاتا ہے، کیونکہ ان کا بیٹنگ انداز اے بی ڈی ویلیئرز سے مشابہت رکھتا ہے۔
بریوس اب تک جنوبی افریقا کی جانب سے 6 ایک روزہ میچوں میں شرکت کر چکے ہیں، جن میں انہوں نے 110 رنز 159.42 کے اسٹرائیک ریٹ سے بنائے ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز 4 سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گی۔



