نجم الحسین شانتو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اختتام تک بنگلہ دیش ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے

ڈھاکہ(سپورٹس ڈیسک)بنگلہ دیش کرکٹ بورڈنے تصدیق کی ہے کہ نجم الحسین شانتو موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (2025-2027) کے اختتام تک بنگلہ دیش ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے۔
27 سالہ شانتو نے رواں سال جون میں سری لنکا کے ہاتھوں 1-0 کی ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد ٹیسٹ کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ "تین الگ کپتان ٹیم کے لیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں”۔ وہ اس وقت بنگلہ دیش کے تینوں فارمیٹس کے کپتان تھے، تاہم بعد میں انہوں نے ٹی20 کپتانی سے استعفیٰ دیا، جس کی ذمہ داری لٹن داس کے سپرد کی گئی، جبکہ ون ڈے ٹیم کی قیادت مہدی حسن مرزا کو دی گئی۔
تاہم، اب بی سی بی نے اعلان کیا ہے کہ شانتو کو دوبارہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔ بنگلہ دیش اور آئرلینڈ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 11 نومبر سے سلہٹ میں شروع ہوگی۔
نجم الحسین شانتو کا کہنا تھا کہ میں بنگلہ دیش ٹیسٹ ٹیم کی قیادت جاری رکھنے پر فخر محسوس کرتا ہوں۔ یہ میرے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے اور میں بورڈ کا مشکور ہوں جس نے مجھ پر اعتماد کیا۔ میں پوری کوشش کروں گا کہ اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھاؤں۔



