سائنس دانوں کی انسانی خلیات سے تیار کردہ سور کے گردے کی پہلی کامیاب پیوند کاری

انسانی خلیات سے تیار کردہ گردے کی پیوند کاری میں نئی کامیابی، مستقبل کی ٹرانسپلانٹ سرجری میں امید

میڈرڈ(جانو ڈاٹ پی کے)طب کی دنیا میں ایک تاریخی پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں سپین کے سائنس دانوں نے انسانی خلیات سے تیار کردہ سور کے گردے کی پہلی کامیاب پیوند کاری کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ تجربہ بارسلونا کے انسٹیٹیوٹ آف بایو انجینئرنگ آف کاتالونیا (IBEC) میں انجام دیا گیااور اسے طبی تحقیق میں ایک انقلابی قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

انسانی خلیات سے بنائے گئے گردے کے چھوٹے ماڈلزکو سور کے گردے کیساتھ جوڑ کر ٹیکنالوجی کا تجربہ کیا گیا

ماہرین نے انسانی خلیات سے بنائے گئے گردے کے چھوٹے ماڈلز، جنہیں آرگنوئیڈز کہا جاتا ہےکو زندہ سور کے گردے کے ساتھ جوڑ کر اس ٹیکنالوجی کی عملی کامیابی کو ثابت کیا۔ یہ تجربہ ابھی پری کلینیکل مرحلے میں ہے، لیکن اس کے نتائج سے یہ امید پیدا ہوئی ہے کہ مستقبل میں گردوں کے مریضوں کے لیے پیوند کاری کے نئے اور محفوظ طریقے ممکن ہو سکیں گے۔

یہ ٹیکنالوجی نہ صرف اعضا کی مرمت میں مددگار ہو سکتی ہے:ڈاکٹر نوریہ

ڈاکٹر نوریہ مونتسرات، جو اس پروجیکٹ کی سربراہ ہیں، کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی نہ صرف اعضا کی مرمت میں مددگار ہو سکتی ہے بلکہ انسانی اعضا کی عمر بڑھانے کے امکانات بھی فراہم کر سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، سائنس دان اب کم وقت میں ہزاروں آرگنوئیڈز تیار کر سکتے ہیں، جو مستقبل میں انسانی ٹرانسپلانٹ کے لیے استعمال کیے جا سکیں گے۔

یہ پیشرفت اعضا کی پیوند کاری کے میدان میں ایک نیا باب کھول سکتی ہے اور دنیا بھر میں ہزاروں مریضوں کی زندگی بدل سکتی ہے۔ اگر یہ تحقیق کامیابی کے ساتھ آگے بڑھتی ہے، تو گردوں کی کمی اور پیوند کاری کے مسائل میں نمایاں کمی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button