اسرائیلی ملٹری ایڈووکیٹ جنرل کو تشدد کی ویڈیو لیک کرنا مہنگا پڑگیا

تل ابیب(جانو ڈاٹ پی کے)اسرائیلی فوج کی افسر میجر جنرل یفات تومر یروشلمی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔خبر رساں ادارے کے مطابق تومر یروشلمی اسرائیلی فوج میں ملٹری ایڈووکیٹ جنرل کے طور پر تعینات تھیں اور ان کے خلاف قیدیوں پر فوجی اہلکاروں کے تشدد کی ویڈیو لیک ہونے کے معاملے پر تحقیقات جاری تھیں۔
میجر جنرل یفات تومر یروشلمی انہوں نے اپنے استعفے میں لکھا کہ میں تسلیم کرتی ہوں کہ میں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کا جواب دینے کے لیے یہ مواد میڈیا کو جاری کرنے کی اجازت دی۔میں اس فیصلے کی مکمل ذمہ داری لیتی ہوں۔خاتون میجر جنرل نے اپنے استعفے میں اعتراف کیا کہ انھوں نے خود ایک ایسی ویڈیو میڈیا کو لیک کرنے کی منظوری دی تھی جس میں اسرائیلی فوجیوں کو ایک فلسطینی قیدی پر بہیمانہ تشدد کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو جنوبی اسرائیل کے سدی تیمن حراستی مرکز کی نگرانی کیمروں سے ریکارڈ کی گئی تھی اور اگست2024میں اسرائیلی چینل12پر نشر ہوئی تھی۔



