سعودی عرب میں نایاب’السرح‘درخت دریافت

ریاض(جانو ڈاٹ پی کے) سعودی عرب کی کنگ عبدالعزیز رائل ریزرو ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے پہلی بار اپنے ریزرو  میں نایاب درخت السرح  کی دریافت اور باضابطہ رجسٹریشن کا اعلان کیا ہے۔ یہ اہم دریافت اس کے جاری فیلڈ سروے پروگرام کے دوران سامنے آئی جو نایاب پودوں کی نگرانی، معدومیت کے خطرے سے دوچار نباتات کے تحفظ اور قدرتی ماحولیاتی نظام کے استحکام پر مرکوز ہے۔

السرح(Maerua crassifolia Forssk) درخت وادی الشوقی کے علاقے میں دریافت ہوا۔ یہ خشک اور نیم خشک ماحول میں پائے جانے والا ایک نایاب درخت ہے  جو سخت موسم اور خشک سالی میں بھی سرسبز رہ سکتا ہے۔

اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو انجینئر ماہر الغوثمی نے کہا کہ یہ دریافت اتھارٹی کی سائنسی حکمتِ عملی کی کامیابی کو ظاہر کرتی ہے جس کا مقصد قدرتی ماحول کی نگرانی اور ڈاکومنٹیشن ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ درخت کی دریافت کے بعد ایک جامع حفاظتی منصوبہ شروع کیا گیا ہے، جس میں درخت کے گرد باڑ لگانا، باقاعدہ نگرانی، معلوماتی بورڈ کی تنصیب، بیجوں کا حصول اور انہیں نرسریوں میں اُگا کر ریزرو کے دیگر موزوں مقامات پر دوبارہ لگانے کا منصوبہ شامل ہے۔

السرح درخت معدومی کے خطرے سے دوچار ہے، یہ درخت بنجر علاقوں میں نباتاتی تنوع بڑھانے، جنگلی حیات کے لیے غذائی وسائل فراہم کرنے اور ماحولیاتی توازن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button