چینی سائنس دانوں کا انوکھا کارنامہ ! مکھی کے دماغ پر قابو پانے والی ٹیکنالوجی تیار

بیجنگ(سپیشل رپورٹ:جانو ڈاٹ پی کے)چینی محققین نے ایک حیرت انگیز ٹیکنالوجی تیار کر لی ہے جس کے ذریعے مکھی کے دماغ کو براہِ راست کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں پروفیسر ژاؤ جی لیانگ (Zhao Jieliang) کی قیادت میں ایک سائنسی ٹیم نے محض 74 ملی گرام وزنی “برین کنٹرولر” تیار کیا ہے جو مکھی کی پشت پر نصب کیا جا سکتا ہے۔
یہ آلہ 3انتہائی باریک مائیکرو نیڈلز کے ذریعے مکھی کے دماغ میں داخل ہوتا ہے اور اعصابی سگنلز کو براہِ راست متحرک کر کے اس کی سمت اور حرکت کو کنٹرول کرتا ہے۔
تحقیق کے مطابق، تجرباتی پروازوں میں یہ نظام 90 فیصد تک درستگی اور اطاعت کے ساتھ کام کرتا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ ٹیکنالوجی حیاتیاتی زندگی اور مشینی نظام کے درمیان موجود لکیر کو مٹا رہی ہے۔
ایسے "سائبر حشرات” مستقبل میں دشمن کے علاقے میں خاموشی سے داخل ہو کر جاسوسی، نگرانی، یا آفات کے بعد زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کرنے جیسے مشن انجام دے سکتے ہیں۔
اسے ایک کم لاگت، زیادہ اثر رکھنے والا انٹیلی جنس آلہ قرار دیا جا رہا ہے جو روایتی دفاعی نظام کی نظر سے بچ کر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔



