دوسرے ٹیسٹ میں کتنی تبدیلیاں ہوں گی؟ ہیڈ کوچ نے سب کچھ بتادیا

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے لیے حتمی ٹیم کا فیصلہ پچ کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا تاہم ٹیم میں زیادہ تبدیلیوں کا امکان نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اظہر محمود نے کہا کہ ہمارا مقصد جہاں بھی کھیلیں فتح حاصل کرنا ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں صرف دو فاسٹ بولرز کھلانے پر تنقید ہوئی مگر ہم نے اچھا اسکور کیا اور میچ جیتا جو ہماری حکمت عملی کی کامیابی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاہور کی پچ نے سوئنگ بولنگ میں مدد دی اور اسی لیے ہمارا فیصلہ درست ثابت ہوا۔ کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور سب مل کر ایک ٹیم کی طرح کھیل رہے ہیں۔
ہیڈ کوچ کے مطابق پہلے ٹیسٹ میں مڈل آرڈر بیٹنگ شاندار رہی اور تمام سات بلے بازوں نے عمدہ کارکردگی دکھائی۔ اب دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ٹیم کا ہدف کم از کم 350 رنز بنانے کا ہوگا، تاکہ میچ پر گرفت مضبوط بنائی جا سکے۔



