کرایہ دار خاتون کے باتھ روم میں خفیہ کیمرہ لگانے والا مالک مکان گرفتار

حیدر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت کے شہر حیدرآباد کے علاقے مدھورا نگر میں ایک افسوسناک اور چونکا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک مکان مالک نے اپنی کرایہ دار خاتون کی نجی زندگی میں مداخلت کرتے ہوئے اُس کے باتھ روم میں خفیہ کیمرہ لگا دیا۔
پولیس کے مطابق اشوک یادو نامی شخص نے ایک الیکٹریشن کی مدد سے یہ حرکت کی۔ 23 سالہ شادی شدہ خاتون اپنے شوہر کے ساتھ مذکورہ مکان میں رہائش پذیر تھی اور ایک نجی کمپنی میں ملازمت کرتی تھی۔ 4 اکتوبر کو جب باتھ روم کا بلب خراب ہوا تو خاتون نے مالک مکان کو مرمت کے لیے اطلاع دی۔ اشوک یادو نے بلب ٹھیک کروانے کے ساتھ ساتھ بلب ہولڈر میں خفیہ کیمرہ بھی نصب کروا دیا۔
اس کیمرے کے ذریعے اُس نے خاتون کے نہانے کے مناظر ریکارڈ کیے۔ 13 اکتوبر کو اچانک بلب ہولڈر سے ایک پیچ (سکرو) نیچے گر پڑا جس پر خاتون نے اپنے شوہر سے باتھ روم چیک کرنے کو کہا اور جب شوہر نے بلب ہولڈر کھول کر دیکھا تو اندر موجود خفیہ کیمرہ دیکھ کر حیران رہ گیا۔
جوڑے نے فوراً مالک مکان سے شکایت کی لیکن وہ سنجیدہ ہونے کے بجائے دھمکی آمیز رویہ اختیار کرنے لگا۔ اشوک یادو نے کہا کہ جس الیکٹریشن (چنٹو) نے یہ کام کیا ہے وہ پہلے جیل کاٹ چکا ہے اور اگر پولیس کو اطلاع دی گئی تو وہ ان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
اس کے باوجود متاثرہ جوڑے نے حوصلے سے کام لیتے ہوئے پولیس میں رپورٹ درج کروا دی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اشوک یادو کو گرفتار کر لیا جس نے دورانِ تفتیش اعتراف کیا کہ کیمرہ اسی کے کہنے پر لگایا گیا تھا۔ الیکٹریشن چنٹو اس وقت مفرور ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔
مزید افسوسناک بات یہ ہے کہ باتھ روم کی ریکارڈ شدہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں جس پر عوام میں شدید غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات اب گھروں تک پہنچ چکے ہیں جو انتہائی تشویش ناک ہے۔
ماہرین اور سوشل میڈیا صارفین نے مشورہ دیا ہے کہ کرایے پر مکان لیتے وقت خاص طور پر باتھ رومز اور بیڈ رومز میں لگے لائٹس، بلب ہولڈرز اور دیگر برقی آلات کی اچھی طرح جانچ پڑتال ضروری ہے تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔



