اسٹاک ایکسچینج میں ابتدائی کاروبار میں تیزی کے بعد مندی

کراچی(jano.pk)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں جمعرات کے روز کاروبار کے آغاز پر ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔

ابتدائی کاروبار میں مارکیٹ مثبت انداز میں کھلی اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں تیزی دیکھنے کو ملی جو 1200 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے بعد 166864اعشاریہ 89 پوائنٹس کی سطح تک جا پہنچا تاہم کچھ ہی دیر بعد منافع کے حصول کے باعث مارکیٹ میں مندی کا رجحان دیکھا گیا اور انڈیکس کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔

صبح 10 بجے کے اعداد و شمار کے مطابق کے ایس ای 100 انڈیکس 166145اعشاریہ 84 پوائنٹس پر ٹریڈ کر رہا تھا جو گزشتہ سیشن کے 165686اعشاریہ 38 پوائنٹس کے مقابلے میں قدرے اضافہ ظاہر کر رہا ہے۔

گزشتہ روز بدھ کے روز مارکیٹ میں تیزی کا رجحان غالب رہا تھا، جب کے ایس ای 100 انڈیکس میں 210اعشاریہ 36 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں انڈیکس صفر اعشاریہ 13 فیصد اضافے کے ساتھ 165686اعشاریہ 38 پوائنٹس پر بند ہوا۔

اس دوران ایک ارب 52 کروڑ 83 لاکھ سے زائد حصص کا لین دین ہوا جبکہ حصص کی کل مالیت 68 ارب 60 کروڑ روپے سے زیادہ رہی جو گزشتہ کاروباری دن کے 59 ارب 20 کروڑ روپے سے نمایاں طور پر زیادہ تھی۔

بدھ کے کاروباری روز میں 489 کمپنیوں کے حصص کی خرید و فروخت ہوئی، جن میں سے 249 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 204 میں کمی جبکہ 36 کے نرخ مستحکم رہے۔

سرِفہرست تین کاروباری کمپنیوں میں کے الیکٹرک لمیٹڈ 38 کروڑ 31 لاکھ 03 ہزار حصص کے ساتھ 7اعشاریہ 65 روپے فی شیئر پر بینک آف پنجاب 14 کروڑ 21 لاکھ 30 ہزار حصص کے ساتھ 35اعشاریہ 53 روپے فی شیئر پر اور ورلڈ کال ٹیلی کام 11 کروڑ 64 لاکھ 47 ہزار حصص کے ساتھ 1اعشاریہ 74 روپے فی شیئر پر شامل تھیں۔

سب سے زیادہ اضافہ ہوسٹ پاکستان لمیٹڈ کے حصص میں دیکھا گیا جو 144اعشاریہ 26 روپے بڑھ کر 4154اعشاریہ 50 روپے فی شیئر پر بند ہوئے جبکہ نیسلے پاکستان لمیٹڈ کے حصص میں 132اعشاریہ 86 روپے اضافہ ہوا اور وہ 8335 روپے فی شیئر پر بند ہوئے۔

دوسری جانب سب سے زیادہ کمی پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے حصص میں ریکارڈ کی گئی، جو 89اعشاریہ 33 روپے کمی کے بعد 24550اعشاریہ 22 روپے فی شیئر پر بند ہوئے جبکہ خیبر ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کے حصص 70اعشاریہ 69 روپے کمی کے بعد 1897اعشاریہ 13 روپے فی شیئر پر بند ہوئے۔

فیوچر مارکیٹ میں بھی 342 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 167 کمپنیوں کے نرخوں میں اضافہ اور 175 میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

مزید خبریں

Back to top button