بنگلہ دیش:ڈھاکہ کی گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی، کم از کم 16 افراد جاں بحق

ڈھاکہ (مانیٹرنگ ڈیسک) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے علاقے میرپور میں ایک گارمنٹس فیکٹری میں آگ لگنے سے کم از کم 16 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ نے قریب واقع کیمیکل گودام کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا، ڈھاکہ فیکٹریوں، خصوصا گارمنٹس کے بڑے مراکز میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔

ڈھاکہ فائر سروس کے میڈیا سیل نے ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اموات کی تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، کیونکہ آگ بجھانے اور بعد ازاں صفائی کا عمل تاحال جاری ہے۔

فائر سروس کے مطابق 12 فائر فائٹنگ یونٹس نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا۔اگرچہ مرکزی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے، تاہم کچھ حصوں میں آگ ابھی تک بھڑک رہی ہے۔محکمے کے مطابق لاشیں گارمنٹس فیکٹری سے برآمد کر کے فیکٹری کے سامنے رکھ دی گئی ہیں اور انہیں قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔

آگ دوپہر کے وقت 7 منزلہ گارمنٹس بلڈنگ میں لگی، اس کے ساتھ واقع کیمیکل گودام میں بلیچنگ پاڈر، پلاسٹک اور ہائیڈروجن پر آکسائیڈ ذخیرہ کیا گیا تھا۔ابتدائی طور پر خیال ظاہر کیا گیا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی موت زہریلی گیسوں کے اخراج کے باعث ہوئی۔

بنگلہ دیش فائر سروس اور سول ڈیفنس کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ کرنل محمد تاج الاسلام چوہدری نے جائے وقوعہ پر صحافیوں کو بتایا کہ تلاشی کا عمل ابھی جاری ہے اور قریب واقع کیمیکل گودام میں آگ بدستور لگی ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد سے نہ تو گودام کے مالک، نہ افسران اور نہ ہی ملازمین میں سے کسی کا پتا چل سکا ہے، اور بظاہر یہ گودام بغیر اجازت یا لائسنس کے کام کر رہا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کی مکمل تفصیلات تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے لائی جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button