حماس نے 20 یرغمالیوں کی رہائی کے بعد 4 مغویوں کی لاشیں بھی اسرائیل کے حوالے کردیں

غزہ (مانیٹرنگ ڈیسک)غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے 20 زندہ یرغمالیوں کی رہائی کے بعد 4 مغویوں کی لاشیں بھی بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے ذریعے اسرائیلی حکام کے حوالے کر دی ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق جن مغویوں کی لاشیں حماس نے ریڈ کراس کے حوالے کی ہیں ان میں گائے ایلوز، یوسی شارابی، بپن جوشی اور ڈینیئل پریز شامل ہیں۔

لاشوں کی حوالگی کا عمل مکمل بین الاقوامی نگرانی میں انجام پایا۔

حماس کا کہنا ہے کہ مزید 24 اسرائیلی مغویوں کی لاشوں کی بازیابی میں وقت لگ سکتا ہے کیونکہ غزہ میں جاری بمباری کے باعث کئی تدفینی مقامات تباہ ہو چکے ہیں اور کچھ لاشیں ملبے تلے ہونے کا خدشہ ہے۔

اس پیش رفت سے قبل حماس نے گزشتہ روز معاہدے کے تحت 20 یرغمالیوں کو رہا کیا تھا، جو اسرائیل پہنچنے پر صحت مند اور مطمئن دکھائی دیے۔

معاہدے کے دوسرے مرحلے میں اسرائیلی جیلوں سے 1,968 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا گیا، جنہیں بسوں کے ذریعے غزہ اور مغربی کنارے روانہ کیا گیا۔

رہائی پانے والے قیدیوں کی گھروں واپسی پر جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، برسوں بعد اپنوں سے ملنے والے افراد خوشی سے آبدیدہ ہو گئے۔

برسوں بعد اپنے پیاروں کو  دیکھ کر  اہلخانہ خوشی سے پھولے نہ سمائے، ایک دوسرے کو گلے لگا کر  خوب پیار  کیا۔

اسرائیلی جیل سے رہائی کے بعد مغربی کنارے پہنچنے والے ایک فلسطینی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب سے پہلے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں اور پھر غزہ کے لوگوں اور مزاحمت کے قدم چومتے ہیں جنہوں نے ہمیں عزت کے ساتھ رہائی دلوائی۔

فلسطینی شہری نے کہا کہ جیل کے حالات بہت زیادہ سخت تھے، ہمیں 4 دن پہلے اپنی کوٹھریوں سے نکالا گیا اور تب سے ہمیں مارا پیٹا جاتارہا اور ذلیل کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button