امریکی صدر اور اسرائیلی وزیر اعظم کا ٹیلیفونک رابطہ، ایک دوسرے کو مبارکباد
معاہدے پر دستخط سفارتی کامیابی اور اسرائیل کی ریاست کی قومی اور اخلاقی فتح بھی ہے، نیتن یاہو

واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) حماس اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے کے ابتدائی مرحلے پر دستخط کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے معاہدے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔
نیتن یاہو نے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران کہاکہ یہ ایک سفارتی کامیابی ہے اور اسرائیل کی ریاست کی قومی اور اخلاقی فتح بھی ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کہنا تھا کہ فوجی کارروائی، عظیم دوست اور اتحادی صدر ٹرمپ کی کوششوں کے ذریعے ہم اس اہم موڑ پر پہنچے ہیں۔
نیتن یاہو نے کہا کہ ٹرمپ کی قیادت، ان کی شراکت داری، اسرائیل کی حفاظت اور ہمارے یرغمالیوں کی آزادی کے لیے ان کی غیر متزلزل عزم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اسرائیلی وزیراعظم آفس کے مطابق نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کو اسرائیلی پارلیمنٹ سےخطاب کی دعوت بھی دی۔
یاد رہےکہ اسرائیل اور حماس نے امریکا کے مجوزہ غزہ امن معاہدےکے پہلے مرحلے پر دستخط کر دیے۔
امریکی صدر نےکہا کہ اس معاہدے کے تحت تمام یرغمالیوں کی جلد رہائی عمل میں لائی جائے گی جبکہ اسرائیل اپنی فوج کا متفقہ لائن پر انخلا کرے گا۔



