سیڑھیاں چڑھنے کی عادت کا ایک اور بہترین فائدہ دریافت

لندن(jano.pk)اگرآپ زیادہ تر وقت بیٹھ کر گزارتے ہیں تو کچھ منٹ کی جسمانی سرگرمیوں سے کارڈیو فٹنس کو بہتر بنا سکتے ہیں۔یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
خیال رہے کہ کارڈیو فٹنس سے مراد جسم کی آکسیجن کو جذب کرنے اور مسلز سمیت اعضا تک پہنچانے کی اچھی صلاحیت ہے۔برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ دن بھر میں کچھ وقت کے لیے جسمانی طور پر سرگرم رہنا صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔عالمی سطح پر ایک تہائی بالغ افراد اور 80 فیصد افراد طبی ماہرین کی تجویز کردہ 150 منٹ تک جسمانی سرگرمیوں کو پورا کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔
مگر حالیہ برسوں میں مختلف تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ کچھ منٹ کی جسمانی سرگرمیاں جیسے سیڑھیاں چڑھنے سے صحت بہتر ہوتی ہے، خاص طور پر زیادہ وقت تک بیٹھنے سے صحت کو ہونے والے نقصان دہ اثرات کی تلافی ہوتی ہے۔اس تحقیق میں دیکھا گیا تھا کہ مختصر وقت کے لیے جسمانی سرگرمیوں یا ایکسرسائز سنیکس سے کارڈیو فٹنس اور کارڈیو میٹابولک عناصر جیسے خون میں چکنائی پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اس تحقیق میں 414 افراد کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی گئی جو کہ جسمانی طور پر زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنے کے عادی تھے۔ایکسرسائز سنیکس سے مراد معتدل شدت کی ایسی جسمانی سرگرمیاں ہیں جن کا دورانیہ 5 منٹ یا اس سے کم ہوتا ہے۔ان افراد کو ہر ہفتے 3 سے 7 دن ایسی جسمانی سرگرمیوں کو 4 سے 12 ہفتوں تک جاری رکھنے کی ہدایت کی گئی۔زیادہ تر جوان اور درمیانی عمر کے افراد نے سیڑھیاں چڑھنے کو ترجیح دی جبکہ معمر افراد نے ٹانگوں کو مضبوط بنانے والی ورزشوں کو معمول بنایا۔
نتائج میں دریافت ہوا کہ دن بھر میں چند بار مختصر دورانیے کی جسمانی سرگرمیوں سے بالغ افراد کی کارڈیو فٹنس بہتر ہوئی۔محققین نے بتایا کہ ایکسرسائز سنیکس سے جسمانی سرگرمیوں سے دوری کے اثرات کی روک تھام کی جاسکتی ہے جبکہ بیشتر افراد کے لیے اسے معمول بنانا بھی ممکن ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ اسے روزمرہ کی زندگی کا حصہ بنانا بھی آسان ہے، جیسے لفٹ کی بجائے چند منزلوں تک سیڑھیاں چڑھنے کو آسانی سے عادت بنایا جاسکتا ہے۔



