سال کا پہلا سپر مون آج رات جلوہ گر ہوگا، پاکستان سے کیسے دیکھیں؟

اسلام آباد (jano.pk) سال کا پہلا ’سپر مون‘ آج منگل کو رات 8 بج کر 47 منٹ پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں نظر آئے گا۔ یہ منظر سورج غروب ہونے کے فوراً بعد مشرق سے طلوع ہوگا اور طلوع آفتاب سے کچھ پہلے مغرب میں غروب ہو جائے گا۔

ترجمان اسپارکو کے مطابق اس دوران چاند زمین سے تقریباً 2 لاکھ 24 ہزار میل (361,457 کلومیٹر) کے فاصلے پر ہوگا، جس کی وجہ سے یہ ایک عام مکمل چاند کے مقابلے میں 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے گا۔

ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ آج کا سپر مون سیارہ زحل کے قریب دکھائی دے گا، جسے پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں عام آنکھ سے دیکھا جا سکے گا۔ زحل، چاند کے مغربی حصے کے قریب شام کے وقت نمایاں ہوگا۔

پاکستان میں لوگ شام کے وقت آسمان پر مشرق کی جانب سپرمون دیکھیں گے جو صبح تک مغرب کی طرف چلا جائے گا۔

اس سال مزید دو سپر مون 5 نومبر اور 5 دسمبر کو دیکھے جا سکیں گے۔ ماہرین کے مطابق نومبر کا سپر مون سب سے روشن ہوگا، جب کہ دسمبر کا سپر مون رواں سال کا تیسرا اور آخری ہوگا۔

فلکیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ سپر مون اُس وقت ظاہر ہوتا ہے جب چاند اپنے مدار میں گھومتے ہوئے زمین کے سب سے قریب آ جاتا ہے۔ اسی لیے یہ عام چاند کے مقابلے غیر معمولی طور پر بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے۔

مزید برآں، 5 نومبر کی رات لگ بھگ تین سال بعد پہلا مکمل چاند گرہن بھی ہوگا، جو رات 10 بج کر 31 منٹ پر شروع ہوگا اور 11 بج کر 12 منٹ پر اپنے عروج پر پہنچے گا۔ یہ منظر بھی پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیکھا جا سکے گا۔

مزید خبریں

Back to top button