ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز، قومی ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان
قومی ٹیم اس سیریز کے لیے دبئی کے راستے امریکہ روانہ ہو گی

لاہور (اسپورٹس ڈیسک): ویسٹ انڈیز کے خلاف آئندہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایک سے دو تبدیلیوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، جب کہ فاسٹ بولر حارث رؤف کی اسکواڈ میں شمولیت بھی متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچوں پر مشتمل سیریز یکم، 3 اور 4 اگست کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاڈرہل میں کھیلی جائے گی۔ قومی ٹیم اس سیریز کے لیے دبئی کے راستے امریکہ روانہ ہو گی۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسکواڈ میں تبدیلی کا حتمی فیصلہ ٹیم انتظامیہ کھلاڑیوں کی فٹنس اور حالیہ کارکردگی کی بنیاد پر کرے گی۔ حارث رؤف مکمل فٹ ہیں اور انہیں ٹیم میں شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
پاکستانی ٹی 20 ٹیم دو گروپوں کی صورت میں دبئی روانہ ہو رہی ہے۔ پہلا گروپ آج شام ساڑھے سات بجے ڈھاکا سے روانہ ہوگا، جب کہ دوسرا گروپ کل بنگلہ دیش سے روانہ ہو گا۔
دبئی میں مختصر قیام کے بعد قومی ٹیم امریکہ کے لیے روانہ ہوگی جہاں فلوریڈا میں میزبان ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی۔ سیریز کا مقصد ٹیم کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا اور ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا ہے۔



