بھارت کو شکست، ایشیا کپ اپنے شیڈول پر ہونے کا امکان

اہم فیصلے متوقع

کراچی (اسپورٹس ڈیسک): ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا اہم اجلاس آج ڈھاکا میں چیئرمین محسن نقوی کی صدارت میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیا کپ کے انعقاد یا منسوخی سے متعلق اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران بھارت اور سری لنکا کے نمائندے ڈھاکا میں موجود نہیں ہوں گے، اور وہ آن لائن شرکت کریں گے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا سالانہ اجلاس میں ورچوئل شرکت کریں گے، جب کہ سری لنکن بورڈ کے صدر شمی ڈی سلوا علیل ہونے کے باعث آن لائن شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق افغانستان کرکٹ بورڈ کے نمائندے رات گئے ڈھاکا پہنچ رہے ہیں، جب کہ عمان کے حکام کی شرکت بھی متوقع ہے۔

ایشیا کپ کی میزبانی اگرچہ بھارت کو سونپی گئی تھی، تاہم متحدہ عرب امارات میں متبادل میزبانی کے حوالے سے تاحال غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔

اجلاس سے قبل یہ تاثر بھی سامنے آ رہا ہے کہ بھارت اے سی سی میں تنہائی کا شکار ہو رہا ہے، اور ذرائع کا کہنا ہے کہ ستمبر میں ایشیا کپ شیڈول کے مطابق انعقاد کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔

اے سی سی اجلاس کے بعد ایشیا کپ کے حتمی شیڈول اور وینیو کے حوالے سے باضابطہ اعلان کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button