بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی، شاہد آفریدی کا بھی ردعمل آگیا
شاہد آفریدی نے کہا کہ کھیل تعلقات کو بہتر بنانے کا ذریعہ بنتا ہے

برمنگھم (اسپورٹس ڈیسک): سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ "ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز” میں پاکستان اور بھارت کے درمیان متوقع میچ بھارتی کھلاڑیوں کی ہٹ دھرمی کے باعث منسوخ ہوا، جس پر لاکھوں شائقین کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔
تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ کھیل تعلقات کو بہتر بنانے کا ذریعہ بنتا ہے، اور ماضی میں بھی کرکٹ نے دونوں ممالک کے درمیان فاصلے کم کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیلوں سے بہتر کوئی سفارتی ذریعہ نہیں، مگر بعض اوقات ایک آدھ ناسمجھ کھلاڑی پورے ماحول کو خراب کر دیتا ہے۔
شاہد آفریدی نے بھارتی کھلاڑیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو پاکستان کے خلاف نہیں کھیلنا تھا تو پہلے ہی بتا دیتے، آپ لوگ نہ صرف آئے بلکہ پریکٹس بھی کی اور پھر میچ کے دن انکار کر دیا۔ یہ رویہ کھیل اور شائقین دونوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم تو یہاں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، بار بار کہتا ہوں کہ سیاست کو کھیل سے الگ رکھیں۔ جو قومیں دنیا میں ترقی کرتی ہیں وہ چھوٹی چھوٹی باتوں میں نہیں الجھتیں۔
سابق کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں ذاتی طور پر انجری کی وجہ سے ویسے بھی میدان میں نہیں اترنا تھا۔ ڈاکٹرز نے مجھے تین ماہ آرام کا مشورہ دیا ہے، جبکہ ٹورنامنٹ دو ہفتے کا ہے، اس لیے میں نہیں کھیل رہا۔ مگر ٹیم اور فینز میچ کے لیے تیار تھے۔
انہوں نے کہا کہ ہم انگلینڈ کے خلاف جیت کے بعد پرجوش تھے، آج کا میچ بھی یادگار ہوتا، 17 سے 18 ہزار شائقین اس میچ سے لطف اندوز ہوتے، لیکن بھارتی کھلاڑیوں کے انکار نے سب کا دل توڑ دیا۔
شاہد آفریدی نے انکشاف کیا کہ کچھ بھارتی کھلاڑی میچ کھیلنے کے خواہاں تھے، لیکن ساتھی کھلاڑیوں کے فیصلے سے وہ بھی مایوس ہوئے۔
واضح رہے کہ ڈبلیو سی ایل میں طے شدہ پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ آخری وقت میں اس وقت منسوخ کر دیا گیا تھا جب شیکھر دھون، عرفان پٹھان، ہربھجن سنگھ اور دیگر بھارتی کھلاڑیوں نے جغرافیائی کشیدگی کا جواز بنا کر میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ منتظمین نے اسے افسوسناک قرار دیا، جبکہ شائقین بھی سخت ناراضی کا اظہار کرتے نظر آئے۔



