نوجوان لڑکی اپنی حاضر دماغی سے مگرمچھ کے منہ سے زندہ نکل آئی
واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکی ایک جھیل کے قریب موجود تھی

فلوریڈا (ویب ڈیسک): امریکی ریاست فلوریڈا میں 15 سالہ لڑکی سمر ہینوٹ نے غیر معمولی حاضر دماغی اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 10 فٹ لمبے مگرمچھ کے حملے سے اپنی جان بچا لی۔
والٹن کاؤنٹی کے شیرف دفتر کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب لڑکی ایک جھیل کے قریب موجود تھی کہ اچانک مگرمچھ نے اس پر حملہ کر دیا۔ مگرمچھ نے سمر کی ٹانگ کو دبوچ کر اسے پانی کے اندر گھسیٹ لیا، تاہم لڑکی نے ہمت نہ ہاری اور مگرمچھ پر مسلسل جوابی حملے کرتی رہی۔
سمر ہینوٹ نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ میں نے مگرمچھ کے سر پر زور سے مکے مارے جس سے اس نے مجھے چھوڑ دیا، لیکن چند لمحے بعد دوبارہ حملہ کر دیا۔
لڑکی کے مطابق جب مگرمچھ نے دوسری بار اسے پکڑا تو اس نے اپنی ٹانگ زور سے ہلانا شروع کی اور موقع ملتے ہی تیر کر پانی سے باہر نکل آئی۔
ریسکیو حکام کے مطابق سمر کی ٹانگ پر شدید زخم آئے ہیں تاہم ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ زخموں کی نوعیت ایسی نہیں کہ ٹانگ کاٹنی پڑے، اور اسے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ لڑکی کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
علاقہ مکینوں اور مقامی انتظامیہ نے لڑکی کی بہادری کو سراہا ہے اور حکام کی جانب سے متاثرہ جھیل کے ارد گرد احتیاطی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں۔



