جیولن تھرور کی عالمی رینکنگ جاری، ارشد ندیم کس نمبر پر ہیں؟
تازہ ترین عالمی رینکنگ

لاہور (ویب ڈیسک): ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے جیولن تھرو کی تازہ ترین عالمی رینکنگ جاری کر دی، جس کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز اتھلیٹ اور اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ارشد ندیم نے 1370 پوائنٹس کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں چوتھی پوزیشن حاصل کی ہے۔ رواں برس ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے بعد صرف ایک ایونٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
رپورٹ کے مطابق رینکنگ ایونٹس میں محدود شرکت کی وجہ سے ارشد ندیم کی پوزیشن میں نمایاں بہتری نہیں آ سکی۔ تاہم، ستمبر میں شیڈول ورلڈ چیمپئن شپ سے قبل ارشد ندیم مزید دو سے تین بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، جس سے ان کی رینکنگ میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب بھارت کے نیرج چوپڑا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1445 پوائنٹس کے ساتھ گرینیڈا کے اینڈرسن پیٹر کو پیچھے چھوڑتے ہوئے عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ اینڈرسن پیٹر 1431 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ جرمنی کے جولین ویبر 1407 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
ایتھلیٹکس کے شائقین کو اب امید ہے کہ ارشد ندیم آئندہ ایونٹس میں بھرپور کارکردگی دکھا کر نہ صرف رینکنگ میں بہتری لائیں گے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کا نام مزید روشن کریں گے۔



