بیوی کی محبت واپس پانے کے لیے کالا جادو کرانے والا شوہر جیل پہنچ گیا
شوہر نے واٹس ایپ کے ذریعے ایک جادوگرنی سے رابطہ کیا
ابوظہبی (ویب ڈیسک): متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں بیوی کی محبت دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش میں کالا جادو کرانے والا شوہر خود قانون کے شکنجے میں آگیا۔
پولیس کے مطابق شوہر نے واٹس ایپ کے ذریعے ایک جادوگرنی سے رابطہ کیا اور بیوی کی معلومات، تصاویر، ویڈیوز اور فون نمبرز فراہم کیے تاکہ وہ بیوی کو کالے جادو کے ذریعے واپس لانے میں مدد دے۔
پولیس کے مطابق جادوگرنی نے ابتدائی طور پر 20 ہزار درہم طلب کیے جو شوہر نے ادا کرنے پر آمادگی ظاہر کی۔ تاہم بعد میں جادوگرنی نے مزید 25 ہزار درہم کا مطالبہ کیا، جس پر شوہر نے انکار کر دیا۔ انکار کے بعد جادوگرنی نے بیوی کو تصاویر بھجوانے اور تمام معاملہ افشا کرنے کی دھمکی دے دی۔
شوہر نے دھمکیوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ایک اور جادوگرنی سے رجوع کیا اور اسے 10 ہزار درہم ادا کیے، تاہم یہ کوشش بھی ناکام رہی۔ بعد ازاں اس نے تیسری خاتون سے رابطہ کیا، جس نے بغیر کسی رقم کے مدد کرنے کی پیشکش کی۔
دوسری جانب خاتون پہلے ہی شوہر کے خلاف خلع کا مقدمہ دائر کر چکی تھی اور دو ماہ قبل شوہر کا گھر چھوڑ چکی تھی۔ پولیس کے مطابق بیوی کو ایک خاتون کے ذریعے علم ہوا کہ اس کا شوہر اس پر کالا جادو کروا رہا ہے۔ بیوی نے تمام ثبوت پولیس کو فراہم کیے، جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے شوہر کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر شوہر کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔



