آئیسکو کی نجکاری میں اہم پیش رفت،10 قومی و بین الاقوامی ادارے بولی کیلئے پری کوالیفائی کرگئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی نجکاری اہم مرحلے میں داخل ہوگئی، آئیسکو کی نجکاری میں حصہ لینے کیلئے اظہار دلچسپی کی درخواستیں دینے والے 10 قومی و بین الاقوامی ادارے پری کوالیفائی کرگئے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی کی زیر صدارت نجکاری کمیشن بورڈ کے اجلاس میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کی نجکاری کے لیے 10 قومی و بین الاقوامی فریقین کی پری کوالیفکیشن کی منظوری دے دی گئی۔ پری کوالیفائی ہونے والے بولی دہندگان میں ترکیہ، سعودی عرب اور پاکستان کے معروف سرمایہ کار اور گروپس شامل ہیں، جن میں ترکیہ کی تین اہم انرجی کمپنیاں اکٹور الیکٹرک، جینویرا انرجی اور چنگیز انرجی بھی شامل ہیں۔
علاوہ ازیں اینگرو انرجی، نوواٹیکس، سیفائر فائبرز اور بیسٹ وے سیمنٹ جبکہ آرٹسٹک ملینئرز، حب پاور اور حسنات برادرز کنسٹرکشن کی قیادت میں قائم کنسورشیمز کو بھی بولی کے لیے اہل قرار دے دیا گیا ہے۔ آئیسکو کی نجکاری کے عمل میں شامل تمام 10 فریقین کو ورچوئل ڈیٹا روم (وی ڈی اع) تک رسائی دی جائے گی تاکہ وہ کمپنی کا تفصیلی جائزہ لے سکیں۔
آئیسکو نجکاری پروگرام کے پہلے مرحلے (بیچ ون) میں شامل تین ڈسٹری بیوشن کمپنیوں میں سے ایک ہے جبکہ اس مرحلے میں فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو) اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) بھی شامل ہیں۔ نجکاری کمیشن بورڈ نے فیسکو کی نجکاری کے لیے آرٹسٹک ملینئرز کے کنسورشیم میں نئے ممبران کے اضافے کی بھی منظوری دے دی ہے جس کے بعد یہ کنسورشیم بیچ ون کی تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں حصہ لے سکے گا۔
اجلاس میں زرعی ترقیاتی بینک کی نجکاری کے ٹرانزیکشن اسٹرکچر اور ری اسٹرکچرنگ پلان میں تبدیلیوں کی بھی منظوری دی گئی، جبکہ فیصلہ کیا گیا کہ نجکاری کے بعد بھی بینک کی توجہ زرعی شعبے اور کسانوں کو مالی معاونت فراہم کرنے پر مرکوز رہے گی۔
اسی طرح اسٹیٹ لائف انشورنس کی نجکاری کے لیے ڈوئچے بینک کی قیادت میں قائم کنسورشیم کو مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی منظوری دے دی گئی، جبکہ مالیاتی مشیر کے ساتھ معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی نجکاری کمیشن نے نجکاری پروگرام کو مکمل شفاف، مسابقتی اور پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔.



