جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جےآئی ٹی بنائی جائے گی،وزیر داخلہ سندھ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ حکومت نے جوڈیشل کمیشن کی سفارشات پر ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ کی سربراہی میں میر رضا قتل کیس کی تحقیقات کیلیے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے جبکہ پولیس افسران و اہلکاروں کے خلاف انکوائری کا فیصلہ کیا ہے۔

سندھ اسمبلی میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے بتایا ہے کہ میر رضا کیس کی تفصیلی سات والیمز پر مشتمل رپورٹ سندھ حکومت کو موصول ہو چکی ہے، جس پر سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے میٹنگ کر کے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتی کمیشن وزیر اعلیٰ کے احکامات پر بنایا گیا تھا اور اس کمیشن کو سندھ حکومت نے اہم ذمہ داری دی تھی، جبکہ جسٹس عمر سیال ایک بہترین اور سینئر جج ہیں۔

وزیر داخلہ کے مطابق کمیشن کی سفارشات کے بعد سندھ حکومت نے بھی اپنی سفارشات تیار کر لی ہیں۔ متاثرہ خاندان نے جے آئی ٹی کے لیے آئینی عدالت سے رجوع کیا تھا لیکن ان کی درخواست مسترد ہو چکی تھی، تاہم ہم کمیشن کے فیصلے کے بعد دو رائے نہیں رکھتے اور متاثرہ خاندان بھی جے آئی ٹی پر آمادہ ہے۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جو وزیر اعلیٰ کو پیش کیا جائے گا اور وزیر اعلیٰ کی منظوری کے بعد جے آئی ٹی تشکیل دے کر ایف آئی اے کو خط لکھ دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ کیس کی تفتیش کے حوالے سے پولیس افسران کے خلاف انکوائری کرنے کے لیے ذوالفقار لاڑک کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائے گی۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ جے آئی ٹی کے حوالے سے میں وزیر اعلیٰ کو سفارشات بھیجوں گا کہ جے آئی ٹی تفتیش مکمل کر کے چالان پیش کرے اور میں نے جسٹس عمر سیال سے بھی کہا تھا کہ ہم اس معاملے میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button