ملتان ریلوے حادثہ، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی اور متاثرین کی مالی امداد کا اعلان

ملتان(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ملتان میں پیش آنے والے ریلوے حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی اور متاثرین کی مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی ذمہ داری سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، ریلوے میں موجود مسائل کو حل کرنا اور حادثے کے حقائق سامنے لانا ضروری ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ وہ وزیراعظم کی ہدایت پر ملتان پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے میں متعدد مسائل موجود ہیں اور بطور وزیر اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ اب روایتی انداز میں معاملے کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا، حادثے میں جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی خاص شخص کو پہلے سے ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جائے گا بلکہ حقائق کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کا کسی کے ساتھ کوئی ذاتی تعلق نہیں اور ذمہ داری سے بھاگنا ان کی فطرت میں شامل نہیں۔ ان کے مطابق حادثے کی وجوہات کا تعین اور ذمہ داروں کا تعین اہم ہے۔

انہوں نے ریسکیو آپریشن سے متعلق بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے بروقت کارروائی شروع کی، جبکہ پاک فوج کے جوانوں نے بھی امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ حنیف عباسی نے متاثرین کو مالی امداد فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ افراد کی مدد کرے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وہ خود بھی ٹرین میں سفر کرتے ہیں اور ریلوے کے مسائل سے آگاہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمے میں مختلف کاموں کے لیے متعدد مرتبہ ٹینڈر جاری کیے گئے، تاہم مکینیکل مسائل کا حل ناگزیر ہے۔

حنیف عباسی نے مزید بتایا کہ روہڑی سے کراچی تک ریلوے ٹریک کا منصوبہ جنوری میں شروع ہوجائے گا۔ ان کے مطابق ریلوے کے نظام میں بہتری، تکنیکی مسائل کے خاتمے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنا ضروری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button