مریم نواز کا ستھرا پنجاب پروگرام میں اصلاحات کا حکم، ناقص کارکردگی والی صفائی کمپنیاں فارغ کرنے کی ہدایت

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں صفائی کا نظام مؤثر بنانے کے لیے جامع مائیکرو پلان طلب کرتے ہوئے ستھرا پنجاب پروگرام کی مکمل کارکردگی رپورٹ آئندہ ہفتے تک پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعلیٰ نے صفائی کے عملے اور مشینری کی کمی ایک ہفتے میں پوری کرنے، سات روز کے اندر بیٹ سسٹم نافذ کرنے اور غیر مؤثر نجی کمپنیوں کو فارغ کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کی کارکردگی، صفائی کی صورتحال، کچرے کی وصولی اور ٹرانسپورٹ فلو سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران مختلف تحصیلوں میں صفائی کے انتظامات سے متعلق رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ستھرا پنجاب کے ورکرز کی تنخواہوں اور واجبات کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے قانونی راستہ نکالا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کنٹریکٹرز کے ذمے واجبات کی سزا ورکرز کو نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں نادہندہ کمپنیوں سے عملے کے واجبات وصول کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مریم نواز شریف نے کام نہ کرنے والی نجی صفائی کمپنیوں کو فارغ کرکے ایک ہفتے کے اندر سرکاری سطح پر متبادل صفائی آپریشن فعال کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ورکرز کو واجبات کی ادائیگی میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس میں پنجاب بھر میں سات روز کے اندر صفائی کا بیٹ سسٹم نافذ کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے ہر تحصیل میں افرادی قوت، مشینری اور فیلڈ مانیٹرنگ افسران کی کارکردگی سے متعلق ہفتہ وار تفصیلی رپورٹ بھی طلب کرلی۔

کارکردگی کے معیار سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ 80 فیصد سے کم کارکردگی دکھانے والی صفائی کمپنیوں کو وارننگ دی جائے، جبکہ 50 فیصد سے کم کارکردگی پر متعلقہ کمپنیوں کو فارغ کردیا جائے۔ دیہی علاقوں میں کم از کم ایک دن چھوڑ کر صفائی یقینی بنانے اور جمع شدہ کچرے کے ڈھیر اٹھانے کا حکم بھی دیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہر تحصیل میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر اور ستھرا پنجاب کے انچارج کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ ورکرز کی نگرانی اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے ایک خصوصی ایپ متعارف کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔

بریفنگ کے مطابق پنجاب کے ہر ڈویژن میں اینٹی لٹرنگ اسکواڈ متحرک ہے، جو اب تک 2 لاکھ 64 ہزار وزٹ کرچکے ہیں۔ اسکواڈز نے صفائی کے مقررہ ضابطوں کی خلاف ورزیوں پر وارننگز جاری کرنے کے ساتھ شہریوں میں آگاہی بھی فراہم کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ضلع چکوال میں صفائی کی بہتر صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سارہ حیات اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور صوبے بھر میں صفائی کا معیار بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Back to top button