خیبر پختونخوا کو دھرنوں کی نہیں، عوامی خدمت اور امن کی ضرورت ہے،مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ پر ردعمل میں کہا ہےکہ یہ 13 سالہ نااہلی کا قصور ہے، خیبر پختونخوا کو اب انتشار نہیں خدمت چاہیے۔
ایکس پر جاری بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کو 13 برس صرف دھرنے،انتشار، گالم گلوچ اور سستے ٹرینڈز ملے۔ آج اگر خیبر پختونخوا گورنر راج اور ایمرجنسی کی باتیں سن رہا ہے تو یہ عوام کا نہیں 13 سالہ نااہلی کا قصور ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں سے سوال ہےکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا ایک ہی ملک میں ہیں، ایک ہی آئین اور ایک ہی قومی خزانے کے حصے دار ہیں، پھر ایک صوبے میں ترقی کا سفر اور دوسرے میں تنزلی اور بدامنی کیوں؟ فرق وسائل کا نہیں، نیت اور اہلیت کا ہے۔ اگر پنجاب ستھرا ہو سکتا ہے تو خیبر پختونخوا کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں صفائی نہیں، صرف سیاست ہوئی۔اگر پنجاب کے ہونہار بچوں کو اسکالرشپ مل سکتی ہے تو خیبر پختونخوا کے بچوں کو کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں ترجیح بچے نہیں، دھرنے تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اگر پنجاب کی مائیں بے فکر ہیں تو خیبر پختونخوا کی مائیں خوف میں کیوں؟ کیونکہ وہاں توجہ عوام کی حفاظت پر نہیں، اسلام آباد پر چڑھائی پر رہی۔ اگر پنجاب میں گرین الیکٹرو بسیں چل سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا میں کیوں نہیں؟ کیونکہ وہاں منصوبے زمین پر نہیں، صرف سوشل میڈیا پر چلے۔ اگر پنجاب کے گاؤں تک پختہ سڑکیں پہنچ سکتی ہیں تو خیبر پختونخوا کی سڑکیں ادھوری کیوں؟ کیونکہ وہاں وعدے ہوئے،کام نہیں۔ اگر پنجاب میں مفت دوا، فیلڈ اسپتال اور کلینک آن ویلز دہلیز پر ہیں تو خیبر پختونخوا کا مریض بے بس کیوں؟ کیونکہ وہاں عوام کی صحت سے زیادہ اقتدار عزیز رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ کیوں کا جواب ایک ہی ہے، 13 سالہ انتشار اور نااہلی!، پنجاب نے ثابت کر دیا کہ حکومتیں بڑھکوں سے نہیں، کام، کام اور کام سے چلتی ہیں۔خیبر پختونخوا کو اب انتشار نہیں، خدمت چاہیے۔



