بلاول بھٹو سے صوبائی وزیرمحمد علی ملکانی کی ملاقات، فشریز و لائیو اسٹاک پر بریفنگ

سجاول (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے صوبائی وزیر لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی نے ملاقات کی، جس میں سجاول کے حلقے میں درپیش مسائل، ان کے حل کے لیے جاری اقدامات اور فشریز و لائیو اسٹاک کے شعبوں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران محمد علی ملکانی نے بلاول بھٹو زرداری کو حلقے میں عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے ہدایت کی کہ عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہونی چاہیے اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔

محمد علی ملکانی نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو فشریز کے شعبے کی برآمدات سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ ان کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار فشریز کی مصنوعات کی برآمدات 568 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔

ملاقات کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ کی ساحلی پٹی میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، جن سے فائدہ اٹھانے کے لیے فشریز کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر توجہ دی جانی چاہیے۔

صوبائی وزیر نے بلاول بھٹو زرداری کو لائیو اسٹاک کے شعبے سے متعلق بھی آگاہ کیا اور اس شعبے میں جدید طریقوں کے استعمال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

بلاول بھٹو زرداری نے لائیو اسٹاک کے شعبے کو مزید وسعت دینے اور جدید طریقوں کے استعمال کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ملاقات میں فشریز اور لائیو اسٹاک کے شعبوں کی ترقی، برآمدات میں اضافے اور ساحلی علاقوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button