ستمبر میں یوکرین کے 47 ہزار 885 اہلکار ہلاک و زخمی ہوئے، روسی فوجی ماہر کا دعویٰ

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی فوجی ماہر آندرے ماروچکو نے دعویٰ کیا ہے کہ ستمبر کے دوران مختلف محاذوں پر یوکرینی فوج اور غیر ملکی کرائے کے فوجیوں کے مجموعی نقصانات 47 ہزار 885 اہلکاروں تک پہنچ گئے۔
شاہد گھمن کے مطابق آندرے ماروچکو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم وی کونٹاکتے پر براہ راست گفتگو کے دوران روسی وزارت دفاع کے اعدادوشمار کے تجزیے کا حوالہ دیتے ہوئے یہ دعویٰ کیا۔
روسی فوجی ماہر کے مطابق مذکورہ اعدادوشمار میں ہلاک اور زخمی ہونے والے دونوں طرح کے اہلکار شامل ہیں، جبکہ اگست کے مقابلے میں ستمبر کے دوران یوکرینی فوج کے نقصانات میں 9 ہزار 240 اہلکاروں کا اضافہ ہوا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ستمبر کے دوران یوکرینی فوج کو سب سے زیادہ جانی نقصان دونیتسک عوامی جمہوریہ کے محاذ پر اٹھانا پڑا۔
آندرے ماروچکو کے مطابق روسی افواج نے ستمبر میں یوکرین کے 24 ہزار ڈرونز، 30 بغیر پائلٹ سطح آب پر چلنے والی کشتیاں اور 70 دیگر بحری جہاز تباہ کیے۔
انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ روسی کارروائیوں کے دوران 7 ملٹی پل لانچ راکٹ سسٹمز، 257 فیلڈ آرٹلری گنز، 310 ٹینک اور دیگر بکتر بند گاڑیاں بھی تباہ ہوئیں۔
روسی فوجی ماہر کا کہنا تھا کہ ستمبر میں یوکرین کے 154 الیکٹرانک وارفیئر اور کاؤنٹر بیٹری ریڈار سسٹمز کے علاوہ ڈھائی ہزار سے زائد دیگر فوجی گاڑیوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
تاہم، یہ اعدادوشمار روسی فریق کے دعوے پر مبنی ہیں اور ان کی آزادانہ طور پر تصدیق فراہم کردہ رپورٹ میں نہیں کی گئی۔



