کراچی میں مختلف پولیس مقابلے، 4 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار، 2 فرار

کراچی (جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلوں میں 4 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ 2 ملزمان فائرنگ کے تبادلے کے دوران فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ضلع ویسٹ کے تھانے گلشن معمار کی حدود عمر بروہی گوٹھ میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان مبینہ مقابلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

ترجمان ضلع ویسٹ پولیس کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت عبدالقادر ولد نیاز علی اور محمد نادر ولد کریم بخش کے نام سے ہوئی، جبکہ عبدالسلام ولد عبدالستار کو بھی گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا۔

ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے 2 غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول، نقدی اور مبینہ وارداتوں میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کی گئی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری کارروائی نیو کراچی کے سیکٹر 11-J میں سروس روڈ پر پرانے آئیڈیل شادی ہال کے قریب کی گئی، جہاں پولیس کا موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ملزمان سے مبینہ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کاشف ولد شاہد نامی ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم کی عمر تقریباً 30 سے 32 سال بتائی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور گولیاں برآمد ہوئیں۔ زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ادھر سمن آباد پولیس نے ڈی ٹی پٹی کچا پکا روڈ، بلاک 19 کے قریب دورانِ گشت مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم عبید اللہ خان ولد سلام خان زخمی حالت میں گرفتار ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، 4 زندہ راؤنڈز اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ چیک کیا جا رہا ہے جبکہ فرار ملزمان کی گرفتاری، مقدمات کے اندراج اور دیگر قانونی کارروائی جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button