لاہور میں ون ویلنگ اور ریسنگ کے خلاف کریک ڈاؤن سخت، اہم شاہراہیں نوگو ایریا قرار

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) شہر میں ون ویلنگ، ریسنگ اور تیز رفتاری کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، جبکہ سی بی ڈی مین بلیوارڈ سمیت متعدد اہم شاہراہوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کردی گئی ہیں۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر سی بی ڈی مین بلیوارڈ کو ہیوی بائیکرز کے لیے نوگو ایریا قرار دے دیا گیا ہے، جہاں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

ٹریفک پولیس کے مطابق ویک اینڈ اور مڈنائٹ کے اوقات میں ہیوی بائیکرز کی جانب سے ٹولیوں کی صورت میں ریسنگ، شور شرابا، ہلڑ بازی اور سڑکیں بلاک کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس مین بلیوارڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور سی بی ڈی بلیوارڈ پر بھی ریسنگ اور تیز رفتاری کی شکایات سامنے آئی ہیں، جس کے بعد ان شاہراہوں پر نگرانی اور کارروائیاں مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور نے ڈویژنل اور سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے نائٹ شفٹ میں تعینات ٹریفک اہلکاروں کو بھی تیز رفتاری، ون ویلنگ اور غیر قانونی ریسنگ کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیا ہے۔

سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ ٹولیوں کی صورت میں ہلڑ بازی، روڈ بلاکنگ اور ون ویلنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ سی بی ڈی مین بلیوارڈ، ڈیفنس مین بلیوارڈ اور کینال روڈ پر خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ خلاف ورزیوں کی نشاندہی کے لیے سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد لی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تیز رفتاری جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتی ہے، اس لیے والدین نوجوانوں پر خصوصی نظر رکھیں۔ سی ٹی او کے مطابق ون ویلرز کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف مقدمات بھی درج کروائے جائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button