سعودی عرب جانے والے پاکستانی مسافروں کو ریلیف، چار ویکسین کی لازمی شرط میں 25 ستمبر تک نرمی

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) کراچی سے سعودی عرب سفر کرنے والے پاکستانی مسافروں کے لیے اہم سہولت فراہم کردی گئی، چار ویکسین لگوانے کی لازمی شرط میں 25 ستمبر تک عارضی نرمی کردی گئی ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
انچارج ویکسی نیشن سینٹر ڈاکٹر شازیہ آصف کے مطابق 25 ستمبر سے قبل عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا پر سعودی عرب جانے والے افراد ویکسی نیشن کے بغیر بھی سفر کرسکیں گے۔
حکام کے مطابق چار ویکسین کی لازمی شرط کا اطلاق پہلے 14 ستمبر سے ہونا تھا، تاہم اب اس میں عارضی طور پر توسیع کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی ہدایت پر پاکستان نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے چار ویکسین لازمی قرار دی تھیں، جن میں گردن توڑ بخار، انفلوئنزا، پولیو اور ییلو فیور شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویکسی نیشن کی شرط مکمل طور پر نافذ ہونے کے بعد کراچی سے حجاز مقدس کا سفر کرنے والے مسافروں کے لیے نادرا سے تصدیق شدہ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنا ضروری ہوگا۔
ویکسی نیشن پروگرام میں عارضی نرمی سے بالخصوص عمرہ زائرین اور وزٹ ویزا پر سعودی عرب جانے والے پاکستانی مسافروں کو فوری ریلیف مل گیا ہے۔



