چارج سنبھالتے ہی بڑا ایکشن! وفاقی سیکرٹری صحت نے پمز کے باہر ٹینٹ لگا دیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی سیکرٹری صحت کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے عہدہ سنبھالتے ہی ایسا قدم اٹھا لیا کہ پمز انتظامیہ بھی حیران رہ گئی! نئے وفاقی سیکرٹری صحت نے روایتی دفتری نظام کو ایک طرف رکھتے ہوئے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے باہر ٹینٹ لگا کر باقاعدہ کیمپ آفس قائم کردیا۔

چارج سنبھالتے ہی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود پمز پہنچ گئے اور ہسپتال کے ایڈمن بلاک کے باہر لان میں ٹینٹ لگا کر وزارت صحت کا کیمپ آفس قائم کردیا۔

نئے سیکرٹری صحت نے پمز کے تمام شعبوں کے سربراہان کو اسی کیمپ آفس میں طلب کرلیا اور واضح کیا کہ اگر میں خود لان میں بیٹھ کر عوام اور ملازمین کی شکایات سن سکتا ہوں تو ڈاکٹرز اور ہسپتال انتظامیہ بھی یہاں بیٹھ کر مسائل سن اور حل کرسکتے ہیں۔

کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے دوٹوک اعلان کیا کہ وزارت صحت کے تمام امور اسی کیمپ آفس سے چلاؤں گا۔

وفاقی سیکرٹری صحت نے جی تھرٹین میں زیرِ تعمیر پولی کلینک ٹو کی سائٹ کا بھی دورہ کیا اور منصوبے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود نے اعتراف کیا کہ انہیں صحت کے معاملات کا زیادہ علم نہیں، تاہم انتظامی امور میں اچھی مہارت رکھتے ہیں۔

نئے وفاقی سیکرٹری صحت کے اس غیر روایتی انداز نے وزارت صحت اور پمز میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ روایتی دفتر کے بجائے ہسپتال کے لان میں کیمپ آفس قائم کرنے کے فیصلے کو انتظامی معاملات پر براہِ راست نظر رکھنے اور شکایات کے فوری ازالے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

چارج سنبھالتے ہی ٹینٹ آفس، افسران کی طلبی اور دوٹوک اعلان—نئے وفاقی سیکرٹری صحت کا پہلا دن ہی سب کی توجہ کا مرکز بن گیا!

مزید خبریں

Back to top button