پاکستان کے لیے کھیلنا خواب، قیادت بڑا اعزاز ہے: محمد رضوان

لاہور: پاکستان وائٹ بال ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے، اور اس سے بڑھ کر یہ کہ آپ کو پاکستان کی قیادت کا موقع ملے۔ پی سی بی ڈیجیٹل کو دیے گئے انٹرویو میں رضوان نے کہا کہ قوم کی توقعات پر پورا اترنا ان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور وہ اس اعزاز اور پریشر میں توازن رکھتے ہوئے اپنی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کریں گے۔

رضوان نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی کپتانی کی خواہش ظاہر نہیں کی تھی، مگر جب یہ موقع ملا تو وہ پوری لگن کے ساتھ اسے نبھائیں گے۔ ماضی کے مختلف کپتانوں سے انہوں نے بہت کچھ سیکھا ہے—کچھ نرم مزاج اور کچھ سخت تھے—اور وہ چاہتے ہیں کہ اپنے سیکھے ہوئے سبق کو اپنی قیادت میں استعمال کریں۔

کپتان کی خصوصیات پر بات کرتے ہوئے رضوان نے کہا کہ کپتان کا اصل کام ٹیم کو اکٹھا رکھنا ہوتا ہے؛ جب ٹیم متحد ہو، تو ٹیم کی اجتماعی کارکردگی نظر آتی ہے اور کسی ایک کھلاڑی پر انحصار نہیں ہوتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے لیے کھیلتے وقت ہمیشہ دباؤ رہتا ہے، مگر وہ وکٹ کیپنگ، بیٹنگ اور کپتانی کے تجربات سے اسے ہینڈل کرتے رہیں گے۔ آسٹریلیا میں گزشتہ ٹیسٹ سیریز میں ٹیم جیت کے قریب تھی، اور رضوان کا ماننا ہے کہ اگر خامیوں پر کام کیا جائے تو پاکستان آسٹریلیا میں کامیاب ہو سکتا ہے۔
رضوان کا ویژن ہے کہ ٹیم میں بیک اپ کپتان اور وکٹ کیپر کو تیار رکھا جائے تاکہ بڑے ٹورنامنٹس جیسے چیمپئنز ٹرافی اور ورلڈ کپ کے لیے ایک مضبوط ٹیم تیار ہو۔

انہوں نے شائقین سے اپیل کی کہ بیٹنگ کے دوران آؤٹ ہونے کے خوف کے بجائے چوکے اور بولنگ کے دوران کیچ یا آؤٹ کی امید رکھیں۔ رضوان نے کہا کہ وہ اور پوری ٹیم اپنی جانب سے بہترین کارکردگی پیش کرنے کی کوشش کریں گے اور شائقین بھی مثبت سوچ کے ساتھ ان کا ساتھ دیں۔

مزید خبریں

Back to top button