پاکستان کا یوریشین اکنامک یونین سے آزاد تجارتی معاہدے کیلئے باضابطہ عمل شروع، دو سال میں تکمیل کا امکان

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے کہا ہے کہ پاکستان نے یوریشین اکنامک یونین (EAEU) کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے (FTA) کے لیے باضابطہ عمل شروع کر دیا ہے، جسے آئندہ چند ماہ سے دو سال کے اندر حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستان نارتھ ساؤتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور کا ایک قدرتی شراکت دار ہے، اسی لیے یوریشین خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی روابط کا فروغ پاکستان کی اہم ترجیح ہے۔

فیصل نیاز ترمذی کے مطابق پاکستان کے وزیر تجارت اور یوریشین اکنامک یونین کی قیادت کے درمیان اس معاملے پر رابطے جاری ہیں، اور انہیں امید ہے کہ آزاد تجارتی معاہدہ چند ماہ سے دو سال کے دوران طے پا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں ایسا وقت آ سکتا ہے جب مرمانسک، منسک اور ماسکو سے لوگ زمینی راستوں کے ذریعے آسانی سے اسلام آباد، کراچی اور گوادر تک سفر کر سکیں گے، جس سے خطے میں تجارت، سیاحت اور عوامی روابط کو فروغ ملے گا۔

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان روس، قازقستان، بیلاروس اور کرغزستان سے اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع حاصل کر سکتا ہے، جبکہ پاکستان بھی ان ممالک کو متعدد مصنوعات اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقتصادی، تجارتی اور ثقافتی روابط خطے میں پائیدار امن، استحکام اور باہمی انضمام کی مضبوط بنیاد بنتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button