اسلام آباد ہائیکورٹ نے افسران کے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنس میں اضافہ کر دیا، نئے نرخ یکم جولائی 2026 سے نافذ


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) اسلام آباد ہائیکورٹ نے جوڈیشل افسران اور ہائیکورٹ افسران کے لیے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنس میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے تحت گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے افسران کے الاؤنس میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نئے نرخوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے تحت گریڈ 22 کے افسران کے لیے ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنس 2 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ مقرر کیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 21 کے افسران کو 1 لاکھ 95 ہزار روپے، گریڈ 20 کو 1 لاکھ 75 ہزار روپے اور گریڈ 19 کے افسران کو 1 لاکھ 50 ہزار روپے ماہانہ ملیں گے۔
اسی طرح گریڈ 18 کے افسران کے لیے 1 لاکھ روپے جبکہ گریڈ 17 کے افسران کے لیے 60 ہزار روپے ماہانہ ٹرانسپورٹ مونیٹائزیشن الاؤنس مقرر کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ الاؤنس میں اضافے سے متعلق تمام اخراجات اسلام آباد ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری کے مالی سال 2026-27 کے مختص بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔