سندھ میں بارشوں سے 8 افراد جاں بحق: وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا غفلت پر بڑا ایکشن، غیر حاضر ٹاؤن آفیسر فوری معطل

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت صوبے میں بارشوں اور پیدا شدہ ہنگامی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ وزیراعلیٰ نے بارش سے متاثرہ تمام علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور نکاسیِ آب کے اقدامات کو ہنگامی بنیادوں پر تیز کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، پی ڈی ایم اے، محکمہ بلدیات اور ضلعی انتظامیہ کو مکمل ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں موجود رہ کر صورتحال کی خود نگرانی کریں۔

فرائض میں لاپرواہی پر وزیراعلیٰ سندھ نے غیر حاضر رہنے والے ٹاؤن آفیسر عمر کوٹ کو موقع پر ہی معطل کرنے کا حکم دے دیا۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق سندھ بھر میں بارشوں سے 8 افراد جاں بحق اور 8 زخمی ہوئے۔ وزیراعلیٰ نے جانی نقصان پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو فوری امدادی رقم فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

میئر کراچی نے بتایا کہ شہر کے حساس مقامات پر 10 ہیوی ڈیوٹی ڈی واٹرنگ پمپس فعال کر دیے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تمام انتظامات کو چوبیس گھنٹے متحرک رکھا جائے کیونکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں

Back to top button