فارم 47 کی حکومت کو فوری ختم اور الیکشن کمیشن کا احتساب کیا جائے، نئے اور شفاف انتخابات ہی اصل حل ہے، اسد قیصر

پشاور (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملک کو درپیش سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں سے نکالنے کے لیے موجودہ حکومت اور الیکشن کمیشن کو فوری گھر بھیج کر ملک میں شفاف اور غیر متنازع انتخابات کرانے کا زوردار مطالبہ کر دیا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کی نمائندہ نہیں بلکہ ‘فارم 47’ کی پیداوار ہے۔ خود حکومت کے اتحادی بھی ن لیگ کی حکومت کو فارم 47 ہی کی حکومت قرار دے رہے ہیں۔

موجودہ پارلیمنٹ اور حکومت کے پاس عوام کا حقِ نمائندگی نہیں ہے، اس لیے اسے ملک میں کسی بھی قسم کی قانون سازی کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن کو فوری طور پر تحلیل کر کے قانون کے مطابق اس کا سخت احتساب کیا جائے اور تمام سیاسی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے ایک نیا غیر جانبدار الیکشن کمیشن تشکیل دیا جائے۔

ملک کو درپیش تمام سیاسی، معاشی اور آئینی بحرانوں کا واحد اور حتمی حل آزاد، منصفانہ اور شفاف انتخابات ہیں تاکہ عوام اپنے حقیقی نمائندوں کو منتخب کر سکیں۔

آئین، قانون اور ریاستی نظام سے متعلق تمام تر اہم اور حساس فیصلے موجودہ حکومت کے بجائے آئندہ انتخابات کے بعد بننے والی عوام کی منتخب پارلیمنٹ پر چھوڑے جائیں۔

 

مزید خبریں

Back to top button