ہانیہ عامر کی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ کا پہلا گانا ریلیز

ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کو رومانوی انداز میں دکھایا گیا ہے

مقبول پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی آنے والی بھارتی پنجابی فلم سردار جی تھری کا پہلا گانا سوہنی لگدی ریلیز کردیا گیا جو دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل بھی ہوگیا، گانے کو مداحوں کی جانب سے خوب پذیرائی مل رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گانے میں ہانیہ عامر اور معروف بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ کو رومانوی انداز میں دکھایا گیا ہے، اور دونوں کی کیمسٹری کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

گانے کے بول ظفر سندھو نے لکھے ہیں، جب کہ موسیقی مکس سنگھ نے ترتیب دی ہے۔ ویڈیو میں دلکش پہاڑی مناظر کو پس منظر میں رکھتے ہوئے ہانیہ اور دلجیت کو روایتی اور رومانوی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ہانیہ عامر ویڈیو میں خوبصورت ساڑھی میں نظر آ رہی ہیں، جب کہ دلجیت پنجابی لباس میں دکھائی دے رہے ہیں۔

یہ گانا 23 جون کو ریلیز کیا گیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ہانیہ عامر اور دلجیت دوسانجھ کی جوڑی کے چرچے شروع ہو گئے۔

چند روز قبل فلم ’سردار جی تھری‘ کا ٹریلر بھی جاری کیا گیا تھا، جس میں ہانیہ عامر کی جھلک نے ان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑا دی۔ ٹریلر میں ہانیہ کو مرکزی کردار میں دکھایا گیا ہے جو دلجیت دوسانجھ کی محبت کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

ٹریلر کے ساتھ فلم کی ٹیم نے اعلان کیا ہے کہ ’سردار جی تھری‘ کو 27 جون کو بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا جائے گا۔

https://youtu.be/XxcGxK_pqr0

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ہانیہ عامر نے اس فلم میں کام کرنے سے متعلق پہلے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا تھا، تاہم ٹریلر ریلیز کے بعد انہوں نے اس کی تصدیق کی ہے۔

ممکنہ طور پر فلم کی بھارت میں نمائش نہ ہونے کی وجہ حالیہ پاک-بھارت کشیدگی ہے، جس کے باعث بھارتی حکومت نے پاکستانی فنکاروں پر مکمل پابندی عائد کر رکھی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button