پی سی بی کا بڑا فیصلہ: لیگز میں "پاکستان” کے نام کے استعمال پر پابندی عائد
اب کسی بھی نجی یا غیرسرکاری لیگ میں "پاکستان" کا نام پی سی بی کی پیشگی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کیا جا سکے گا

لاہور (اسپورٹس ڈیسک): پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان کے نام سے شرکت کے معاملے پر بڑا قدم اٹھاتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ اب کسی بھی نجی یا غیرسرکاری لیگ میں "پاکستان” کا نام پی سی بی کی پیشگی اجازت کے بغیر استعمال نہیں کیا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے یہ فیصلہ حالیہ ایونٹ میں پیش آنے والی صورتحال کے بعد کیا، جہاں انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز (ڈبلیو سی ایل) میں "پاکستان چیمپئنز” کی ٹیم شرکت کر رہی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اگرچہ پاکستان چیمپئنز کو ٹورنامنٹ کے فائنل میں شرکت کی اجازت دی گئی ہے، لیکن مستقبل میں کسی بھی لیگ یا ایونٹ میں "پاکستان” کے نام کے استعمال کے لیے پی سی بی سے باقاعدہ اجازت لینا لازم قرار دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ بھارتی ٹیم کی جانب سے پاکستان کے ساتھ راؤنڈ میچ اور سیمی فائنل کھیلنے سے انکار کے بعد کیا گیا، جس سے نہ صرف ایونٹ متاثر ہوا بلکہ پاکستان کے نام کی بین الاقوامی ساکھ کو بھی خدشات لاحق ہوئے۔
پی سی بی حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک کے کرکٹ برانڈ کو کسی بھی تنازع یا منفی صورتحال سے محفوظ رکھنا ہے، تاکہ پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر عزت و وقار کے ساتھ برقرار رہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں دنیا بھر کے مایہ ناز سابق کرکٹرز شرکت کر رہے ہیں، تاہم پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات نے ایک بار پھر کھیل پر منفی اثرات ڈالے ہیں۔



