پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے بعد مہنگائی میں اضافہ، تیسرے ہفتے میں بھی قیمتیں اوپر چلی گئیں

رواں ہفتے 22 ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد (ویب ڈیسک): ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ نئے مالی سال کے تیسرے ہفتے میں مہنگائی میں 0.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح منفی 1.61 فیصد پر پہنچ گئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے 22 ضروری اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جب کہ 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی اور 20 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کا کہنا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران پیٹرول کی قیمت میں 2 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 4.15 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ چکن کی قیمت میں 8.31 فیصد اور انڈوں میں 5.87 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا، جب کہ پیاز 1.76 فیصد اور آلو 1.46 فیصد مہنگے ہوئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ لہسن کی قیمت میں بھی 1.70 فیصد اضافہ دیکھا گیا، تاہم بعض اشیائے ضروریہ مثلاً ٹماٹر، آٹا، کوکنگ آئل، چینی اور ایل پی جی کی قیمتوں میں معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث اشیائے ضروریہ کی ترسیل مہنگی ہونے سے مہنگائی کی نئی لہر پیدا ہو رہی ہے، جس کا براہ راست اثر عوام پر پڑ رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button